تربت(گدروشیا پوائنٹ) گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت میں پرنسپل اکبر اسماعیل کی صدارت میں اساتذہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تعلیمی امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
پرنسپل اکبر اسماعیل نے اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ ہی ادارے کی اصل قوت ہیں، اور تدریسی عمل کو معیاری بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ طلباء کی کارکردگی بہتر ہو سکے۔
اجلاس میں اساتذہ نے لائبریری کی فعالیت، تدریسی وسائل کی کمی، طلباء کی حاضری اور نظم و ضبط سے متعلق مسائل اٹھائے اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں اسکول کی بنیادی سہولیات، ڈیجیٹل لائبریری، لیبارٹری کی اپ گریڈیشن اور کھیلوں کے میدان کی بحالی پر بھی بات ہوئی۔
پرنسپل نے بتایا کہ گراؤنڈ کی مرمت کے حوالے سے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جا چکا ہے اور انہوں نے جلد منصوبے کی تکمیل کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ڈیجیٹل لائبریری تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ لیبارٹریز کی بہتری کے لیے مختلف اداروں اور سائنس سے وابستہ شخصیات سے تعاون جاری ہے۔
اجلاس میں شریک سابق پرنسپل حاجی علی جان، وائس پرنسپل عبدالرشید، سینئر استاد واجہ محمد عصاء، اصغر رسول، پرائمری سیکشن انچارج ظاہر علی، ظہور احمد، بدل خان، حاجی درمحمد، جمشیر اور دیگر اساتذہ نے اسکول کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا۔
آخر میں پرنسپل نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے طلباء کے لیے بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کی سمت مثبت قدم قرار دیا۔

