تربت(گدروشیا پوائنٹ) یونین کونسل ڈنڈار میں بجلی کی فراہمی گزشتہ پانچ روز سے مسلسل معطل ہے، جس کے باعث علاقے کے مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ پانی کی قلت نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ لوگ بوند بوند پانی کے لیے ترس رہے ہیں، مگر کوئی پرسان حال نہیں۔
اس جدید دور میں جب دنیا منرل واٹر استعمال کر رہی ہے، ڈنڈار کے عوام یا تو کنوؤں سے پانی نکالنے پر مجبور ہیں یا ندی نالوں سے اپنی پیاس بجھاتے ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں، مگر واپڈا کی جانب سے نہ تو آپریشنل سروس فراہم کی جاتی ہے اور نہ ہی مینٹیننس۔ بجلی کے ٹرانسمیشن لائنز لکڑیوں اور بانسوں کے سہارے عوام اپنی مدد آپ کے تحت سنبھالے ہوئے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ ہمارے عوامی نمائندے صرف سوشل میڈیا فیس بک، ٹوئٹر اور واٹس ایپ پر ترقی کے دعوے کرتے ہیں، مگر زمینی حقائق ان دعوؤں کے برعکس ہیں۔
ہم کمشنر مکران اور ڈپٹی کمشنر کیچ سے پُر زور اپیل کرتے ہیں کہ فوری طور پر یونین کونسل ڈنڈار کی بجلی بحال کی جائے اور واجب الادا بلات صارفین تک پہنچائے جائیں۔

