نوکنڈی (گدروشیا پوائنٹ ) فرنٹیئر کور (ایف سی) ہسپتال نوکنڈی میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے طبی میدان میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے مقامی رہائشی ماجد کے اپنڈکس کا کامیاب آپریشن کیا۔ اس کامیاب طبی عمل نے علاقے کی تاریخ میں ایک نئی مثال قائم کر دی ہے۔
مریض کی حالت اب مکمل طور پر روبہ صحت ہے، جس پر اہلِ خانہ اور عوامی حلقوں نے اطمینان اور مسرت کا اظہار کیا ہے۔ علاقے کے سماجی اور طبی ماہرین نے ایف سی میڈیکل ٹیم کی مہارت اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نوکنڈی جیسے دورافتادہ اور پسماندہ علاقے میں اس نوعیت کی جدید سرجری کی سہولت کا دستیاب ہونا ایک انقلابی قدم ہے۔
ماضی میں نوکنڈی اور گردونواح کے مریضوں کو اپنڈکس کے آپریشن کے لیے کوئٹہ یا دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا، جہاں نہ صرف طویل سفر بلکہ مہنگی علاج گاہوں اور ڈاکٹروں کی بھاری فیسوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ اب مقامی سطح پر یہ سہولت میسر آنے سے عوام کو نہ صرف فوری علاج ممکن ہوگا بلکہ وقت، پیسہ اور مشکلات سے بھی بچاؤ ممکن ہوگا۔
عوامی نمائندوں اور شہریوں نے ایف سی ہسپتال کے اس اہم اقدام کو علاقے کی طبی ترقی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں مزید جدید سہولیات بھی میسر آئیں گی۔

