پسنی: پولیس کی کامیاب کارروائی اقدامِ قتل کا ملزم گرفتار

پسنی(گدروشیا پوائنٹ) ایس ایس پی گوادر ضیاء الحق مندخیل کی ہدایت پر ڈی ایس پی سرکل پسنی عبدالملک احمد کی نگرانی میں پولیس اسٹیشن سٹی پسنی کی ٹیم نے ایک اہم کارروائی کے دوران اقدامِ قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او سٹی پسنی، سب انسپکٹر شکیب ارسلان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم سالم ولد رسول بخش سکنہ وارڈ نمبر 1 پسنی کو گرفتار کیا، جس پر الزام ہے کہ اس نے ذاتی رنجش پر اپنے بانجے کو شدید زخمی کرنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا آلہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 52/2025 بجرم دفعہ 324 تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس تھانہ سٹی پسنی نے ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن آفیسر کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ اسے تھانے کی حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق علاقے میں جرائم کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔