گوادر(گدروشیا پوائنٹ) ساحلی شہر جیونی میں پانی اور بجلی کے دیرینہ مسائل کے خلاف آج صبح سے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔ تمام کاروباری مراکز اور ادارے بند ہیں، جبکہ عوامی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ ابادی کی درجنوں خواتین نے سڑک پر دھرنا دے کر دونوں اطراف کی ٹریفک معطل کر دی، جس کے باعث آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ چالیس سال سے پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں، لیکن حکام نے اب تک ان کے مطالبات پر کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ اس جدوجہد کے دوران ان کے معصوم بچے شہید ہو چکے ہیں، لیکن ریاستی بے حسی بدستور قائم ہے۔ احتجاجی دھرنے میں بڑی تعداد میں سیاسی، سماجی تنظیموں کے کارکنان اور خواتین شریک ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک پانی اور بجلی کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل نہیں کیے جاتے، احتجاج جاری رہے گا۔ اس دوران ایس ڈی او پبلک ہیلتھ مظاہرین سے مذاکرات کے لیے پہنچے، تاہم مظاہرین نے واضح کیا کہ وہ صرف ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ اور بااختیار افسران کی تحریری یقین دہانی پر ہی احتجاج ختم کریں گے۔

