تربت:ٹیچنگ اسپتال میں فیملی ویلفیئر ہیلتھ کلینک کا افتتاح

تربت: ( گدروشیاپوائنٹ) پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کیچ کی جانب سے ٹیچنگ اسپتال تربت میں فیملی ویلفیئر ہیلتھ کلینک کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاح ایم ایس ڈاکٹر وحید بلیدی نے کیا۔ اس موقع پر مکران میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر افضل خالق، ڈپٹی ایم ایس راشدہ اور ڈویژنل ڈائریکٹر پاپولیشن مکران ڈویژن اسلم شاہ بھی موجود تھے۔
ایم ایس ڈاکٹر وحید بلیدی نے کہا کہ یہ کلینک عوام کی ضرورت اور سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے قائم کیا گیا ہے، کیونکہ دیگر علاقوں میں موجود فیملی پلاننگ سنٹرز تک رسائی عوام کے لیے دشوار ہے۔ اس کلینک میں خاندانی منصوبہ بندی کی تمام سہولیات مفت دستیاب ہوں گی، جن میں آگاہی، مشورہ، ضروری ادویات اور گائیڈ لائن شامل ہیں۔ یہ کلینک صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے اس وژن کا حصہ ہے کہ اسپتالوں میں تمام بنیادی سہولیات عوام کو ایک ہی جگہ پر فراہم کی جائیں۔
ڈویژنل ڈائریکٹر اسلم شاہ نے کہا کہ مکران کے عوام کے لیے یہ ایک بڑی سہولت ہے کیونکہ پہلے ہمارے سنٹرز کرائے کی عمارتوں میں تنگ گلیوں میں قائم تھے، لیکن اب اسپتال کے اندر سہولت کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں ماؤں کی اموات کی شرح (Maternal Mortality Rate) 298 فی لاکھ ہے، جو پورے ایشیا میں سب سے زیادہ ہے۔ اس کی بڑی وجہ بچوں کی پیدائش میں وقفے کا نہ ہونا اور خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات تک رسائی کا فقدان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کلینک کے ذریعے ماں اور بچے دونوں کی صحت بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی، تاکہ بلوچستان میں صحت کی صورتحال میں بہتری آئے۔