تربت (گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے ترقیاتی اسکیمات کو بروقت مکمل کرانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے جمعہ کے روز بھی مختلف منصوبہ جاتی مقامات کا دورہ کیا۔
انہوں نے آبسر کے صلالہ بازار میں جاری لوکل گورنمنٹ کی سیوریج لائن اسکیم کا معائنہ کیا، جہاں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے انجینئروں نے انہیں منصوبے کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ، شاہی تمپ میں زیر تعمیر ماڈل سٹی پروجیکٹ کا بھی جائزہ لیا گیا، جہاں متعلقہ انجینئروں نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ ترقیاتی اسکیمات سست روی کا شکار ہیں اور بروقت تکمیل نہ ہونے کی وجہ سے یہ منصوبے عوام کے لیے رحمت کے بجائے زحمت بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اسکیمات کو مقررہ وقت میں مکمل کرانا اب ناگزیر ہو چکا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ تربت شہر سمیت ضلع کیچ میں مختلف ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، جن میں سے اکثر کے لیے ٹھیکیدار 50 فیصد فنڈز نکال چکے ہیں، لیکن کام کی رفتار تسلی بخش نہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ایسے تمام ٹھیکیداروں کو سختی سے تنبیہ کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے منصوبے تیزی سے مکمل کریں۔
انہوں نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں اور ان اسکیمات کی نشاندہی کریں جو ادھوری چھوڑ دی گئی ہیں یا سست روی کا شکار ہیں۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کے عملے سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے اسکولوں میں جاری ترقیاتی کاموں کی صورتحال سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ انہیں جلد مکمل کرایا جا سکے۔

