تربت(گدروشیا پوائنٹ) سیلاب ایکشن کمیٹی کوشقلات کے ایک وفد نے سردار دودا خان کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں ملکی باغ اور کیچ کور ندی کے حفاظتی بند کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ اور اسسٹنٹ کمشنر دشت شیہک حیات بھی شریک تھے۔
وفد میں کونسلر مزار صالح، نصرت بزنجو، مراد بخش، شاہد ایوب، محبوب علی، جاذب اسلام، سلام بلوچ، منصور مقصود، امام دریائی اور امجد مراد شامل تھے۔ وفد نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ممکنہ سیلابی ریلے کوشقلات اور گرد و نواح کے علاقوں کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
سیلاب ایکشن کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ ندی میں موجود جھاڑیوں کی صفائی، زمین کی ہمواری اور حفاظتی بند کے نقصان شدہ حصوں کی فوری مرمت کی جائے تاکہ پانی کا رخ تبدیل ہو کر بند کو نقصان نہ پہنچائے۔ وفد نے زور دیا کہ یہ اقدامات علاقے کو آئندہ تباہی سے بچانے کے لیے ناگزیر ہیں۔
ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے وفد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے تحفظات قابل توجہ اور بروقت ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متعلقہ مقام پر جلد ایک نیا حفاظتی بند تعمیر کیا جائے گا تاکہ پانی کے بہاؤ کا رخ تبدیل کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رواں مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں ہر ضلع کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جس کے تحت مقامی مسائل کے حل کے لیے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے آگاہ کیا کہ 28 جولائی کو ایک اہم اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں حفاظتی بند کی تعمیر اور دیگر متعلقہ امور پر فیصلہ کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں سیلاب ایکشن کمیٹی کے نمائندوں اور متعلقہ یونین کونسلوں کے اراکین کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ عوامی تجاویز کی روشنی میں مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جا سکیں۔

