ڈپٹی کمشنر کیچ سے انجمن تاجران کے وفد کی ملاقات، مسائل کے حل کی یقین دہانی

تربت(گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے انجمن تاجران تربت کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بازار سے متعلق اہم امور اور مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کا مقصد تربت شہر کے تجارتی حلقے کو درپیش مشکلات سے انتظامیہ کو آگاہ کرنا اور ان کے فوری حل کی اپیل کرنا تھا۔ وفد میں انجمن تاجران کیچ کے چیئرمین نثار آدم جوسکی، اعجاز محمد جوسکی، حاجی کریم بخش شامل تھے جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر ملک ریحان دشتی بھی ملاقات کے دوران وہاں پر موجود تھے۔
وفد نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باہمی تعاون اور رابطے کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ انجمن تاجران کی جانب سے تربت بازار کے مختلف مسائل پر روشنی ڈالی گئی، جن میں پرائس کنٹرول کمیٹی کو فعال کرنے، اشیائے خورونوش کی نرخ بندی کو یقینی بنانے اور غیر ضروری مہنگائی کے تدارک جیسے نکات شامل تھے۔ وفد نے زور دیا کہ پرائس کنٹرول کو موثر بنانے سے عوام کو ریلیف ملے گا اور مارکیٹ میں استحکام پیدا ہوگا۔ وفد نے مزید کہا کہ تربت شہر میں بجلی کی طویل بندش اور کم وولٹیج جیسے مسائل نے تاجروں کو شدید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے درخواست کی کہ وہ بجلی کے بحران کے حل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں کی جانب سے تربت بازار کے باقاعدہ دورے اور نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے پیش کردہ تمام مسائل اور تجاویز کو سنجیدگی سے لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بازار سے متعلق مسائل کے حل کے لیے تاجر برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی جائیں گی تاکہ عوام اور تاجروں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔