ڈپڈی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیرصدارت بینکوں کی سیکیورٹی سے متعلق ائم اجلاس.

تربت (گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنر آفس تربت میں ضلع کیچ کے بینکوں کی سیکیورٹی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع میں قائم تمام بینکوں کے منیجرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ بینک ڈکیتیوں اور بینکوں کو نذرِ آتش کرنے جیسے واقعات کے تناظر میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے اجلاس سے کہا کہ جیسے اسلام آباد اور کراچی جیسے بڑے شہروں میں بینکوں کے لیے سیکیورٹی الرٹ سسٹم قائم کیے گئے ہیں، ویسا ہی الرٹ سسٹم کیچ میں بھی ڈسٹرکٹ پولیس آفس (ڈی پی او آفس) میں قائم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس فوری طور پر حرکت میں آ سکے۔ ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے ہدایت کی کہ نہ صرف تربت شہر بلکہ دشت کھڈان، بلیدہ، تمپ اور مند جیسے دور دراز علاقوں میں قائم بینک برانچوں میں بھی سیکیورٹی الرٹ سسٹم قائم کیا جائے اور ان کی سیکیورٹی مزید سخت بنائی جائے۔ انہوں نے بینک منیجرز کو ہدایت دی کہ تمام برانچوں میں سی سی ٹی وی کیمرے، تربیت یافتہ سیکیورٹی گارڈز اور جدید حفاظتی نظام یقینی بنائیں۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس بینکوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی، اور مالیاتی اداروں کے تحفظ کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کے مالی وسائل اور جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔