کیچ میں لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کا عمل شروع

تربت(گدروشیا پوائنٹ) حکومت بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں لیویز فورس کو پولیس میں ضم کرنے کا باضابطہ عمل ضلع کیچ میں شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تربت میں واقع لیویز ہیڈ کوارٹر کو باقاعدہ طور پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ اور ایس ایس پی کیچ ذوھیب محسن نے مشترکہ طور پر لیویز ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ نے لیویز ہیڈ کوارٹر کی چابیاں ایس ایس پی کیچ کے حوالے کرتے ہوئے ضم کرنے کے عمل کا باقاعدہ آغاز کیا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی پالیسی کے مطابق لیویز کے تھانوں، چیک پوسٹوں اور ہیڈ کوارٹرز کو مرحلہ وار پولیس کے حوالے کیا جائے گا تاکہ امن و امان کا نظام مزید مستحکم اور مربوط بنایا جا سکے۔ اس موقع پر انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔