تربت(گدروشیا پوائنٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں صادق تاجر، جاوید گورگیج، حاجی عبد الرؤف، میر احمد ساجدی، صدام امین و دیگر نے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں تربت میں ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس نے عوام میں نئی امیدیں پیدا کیں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بعد مکران ڈویژن میں پاکستان پیپلز پارٹی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی اور آج بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہے۔ ایم این اے حاجی ملک شاہ گورگیج کی خصوصی دلچسپی سے کیچ کے لیے حالیہ پی ایس ڈی پی میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے، جن میں آبسر میں اسٹریٹ لائٹس، بی ایچ یو، ڈنگر تھانے جوسک میں واٹر سپلائی اور لنک روڈ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا وژن عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے، اسی مقصد کے تحت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید وسعت دی گئی ہے۔ حاجی ملک شاہ گورگیج تربت اور گوادر کے لیے وفاق میں مزید بجٹ لانے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے جاری رہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ مکران ڈویژن میں پہلی بار ایم این اے کی خصوصی توجہ سے سڑکوں، بی ایچ یوز اور دیگر عوامی منصوبوں پر مؤثر کام ہو رہا ہے، جو علاقے کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ہیں۔

