بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے گدروشیا پوائنٹ کے نمائندہ عبیداللہ بلوچ کی رپورٹ کے مطابق
ڈپٹی کمشنرگوادر حمود الرحمٰن کی زیر نگرانی یومِ تشکر کے موقع پر ایک شاندار اور باوقار پرچم کشائی کی تقریب ڈی سی کمپلیکس گوادر میں منعقد ہوا. اس پُرعزم تقریب کا مقصد آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی اور قابلِ فخر کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا. وہ عظیم کامیابی جو پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے دشمن بھارت کے خلاف حاصل کی، اور جس نے نہ صرف پوری قوم کے حوصلے بلند کیے بلکہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی کو بھی یقینی بنایا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بوہیر دشتی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور، ڈی ایس پی چاکر بلوچ، صحافی حضرات، ضلعی افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ پرچم کشائی کے موقع پر چاک و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی، جب کہ شرکاء نے حب الوطنی کے جذبات سے سرشار ہو کر افواجِ پاکستان سے اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور وطنِ عزیز سے وفاداری کے عہد کی تجدید کی۔ تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعا پر ہوا، جس میں شرکاء نے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے دعا کی.

