گوادر(گدروشیا پوائنٹ) مکران ہائی کورٹ بار کے الیکشن کمیشن کا ایک اہم اجلاس گوادر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور کیچ بار کے صدر مجید شاہ ایڈووکیٹ نے کی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ممبر اور صدر گوادر بار نعیم شریف ایڈووکیٹ بھی شریک ہوئے، جبکہ ممبر اور صدر پنجگور بار سے بذریعہ فون رابطہ کرکے مشاورت کی گئی. اجلاس میں مکران ہائی کورٹ بار کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلے اور مشاورت کی گئی۔ تمام نئے ممبران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے ممبران سے فارم حاصل کریں اور جلد از جلد اپنی رکنیت کی تکمیل یقینی بنائیں۔ آئندہ اجلاس پنجگور میں منعقد کیا جائے گا، جس کے بعد انتخابی شیڈول کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مکران ہائی کورٹ بار کے انتخابات چار سال کے وقفے کے بعد منعقد کیے جا رہے ہیں۔ اس دوران مکران کے مختلف اضلاع سے نئے وکلاء کی ہائی کورٹ میں انرولمنٹ کی جائے گی تاکہ کوئی بھی اہل وکیل اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔
متعدد نئے مرد و خواتین وکلاء کے لائسنس آخری مراحل میں ہیں، لہٰذا تمام وکلاء سے پرزور اپیل کی جاتی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے ممبران سے رابطہ کرکے فارم حاصل کریں، تاکہ آئندہ انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال یقینی بنا سکیں۔
ترجمان۔ مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن

