اے ڈی ای او تربت حنا قادر کا گرلز پرائمری اسکول دین محمد محلہ کا دورہ

تربت(گدروشیاپوائنٹ)اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تربت حنا قادر نے جمعرات کے روز گرلز پرائمری اسکول دین محمد محلہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اساتذہ کی حاضری چیک کی اور کلاس رومز میں جا کر طالبات کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا۔ رپورٹ کے مطابق اسکول میں چار استانیاں موجود تھیں، تاہم طالبات کی حاضری اور داخلہ کی شرح تشویشناک حد تک کم تھی۔ تعلیمی کارکردگی کے معائنے کے دوران طالبات کے نتائج اور سیکھنے کی صلاحیت میں واضح کمزوری دیکھی گئی، جبکہ اسکول کا مجموعی تعلیمی ماحول بھی بہتری کا متقاضی پایا گیا۔ اے ڈی ای او کی رپورٹ میں ایک اہم مسئلے کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ پرائمری سطح پر درسی کتب کی کمی ہے۔ اس موقع پر حنا قادر نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دیں اور داخلہ کی شرح میں اضافے کے لیے مؤثر حکمت عملیاں اپنائیں۔ انہوں نے سفارش کی کہ والدین و اساتذہ کی مشترکہ ملاقاتوں کا انعقاد، پی ٹی ایس ایم سی (PTSMC) کو فعال بنانا اور داخلہ آگاہی مہمات چلانا ان اقدامات میں شامل ہو سکتے ہیں۔ حنا قادر کا کہنا تھا کہ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف طالبات کے داخلے میں اضافہ کرنا ہے بلکہ اسکول کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا بھی ہے۔