تربت(گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے جمعہ کے روز میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر بلخ شیر قاضی کے ہمراہ سری کہن کے علاقے میں واقع نیو سبزی منڈی کا دورہ کیا۔ یہ دورہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کا تسلسل ہے۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ اور چیف آفیسر شعیب ناصر نے ڈپٹی کمشنر کو مارکیٹ کی موجودہ صورتحال اور جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نیو سبزی منڈی کو رواں ماہ کے اندر مکمل طور پر فعال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی کے قریب واقع ٹرک اڈے کا بھی معائنہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مرکزی بازار میں ٹرکوں کی آمد و رفت سے ٹریفک کے سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں، جن کا مستقل حل انہی منصوبوں کی جلد تکمیل میں پوشیدہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ٹرک اڈہ اور سبزی منڈی کو فعال بنانے سے نہ صرف ٹریفک کا بوجھ کم ہوگا بلکہ علاقے کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ ضلعی انتظامیہ کی ترجیح یہی ہے کہ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور سہولیات میسر آئیں، اور نوجوان نسل منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں سے محفوظ رہ سکے۔

