ڈی سی کیچ بشیر احمد بڑیچ سے لاپتہ افراد کے لواحقین کی ملاقات کی، اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ

تربت(گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے لاپتہ افراد کے لواحقین نے جمعرات کو ڈی سی آفس تربت میں ملاقات کی، جس میں اپنے پیاروں کی جلد بازیابی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔ ملاقات کے دوران لواحقین نے ڈپٹی کمشنر کو لاپتہ بچوں اور نوجوانوں سے متعلق اپنے تحفظات اور تشویش سے آگاہ کیا، اور کہا کہ اپنے پیاروں کی جدائی نے ان کی زندگیوں کو اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے وفد میں شامل خواتین سے انتہائی عزت واحترام کیساتھ ملکر ان کی بات تحمل سے سنی اور یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے حقائق معلوم کیے جائیں گے، اور تمام ممکنہ قانونی و انتظامی اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔ ڈی سی کیچ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت ہر ممکن تعاون کو تیار ہے، اور امن و قانون کی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں کے جائز مطالبات کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔