نواز شریف اور ڈاکٹر عبد المالک بلوچ کی ملاقات بلوچستان کیلئے امید کی نئی کرن ہے، میر عطاء اللہ محمد زئی

تربت (گدروشیاپوائنٹ) مسلم لیگ نون بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر عطاءاللہ محمد زئی نے اپنے ایک جاری پریس ریلیز بیان میں قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف اور سربراہ نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک مالک کے ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم قائد میاں محمد نواز شریف اور سابق وزیرِِاعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبد المالک بلوچ کی ملاقات بلوچستان کے لئے بہت اہم ہے اور یہ ملاقات بلوچستان کے لیے امید کی نئی کرن ہے۔ میاں محمد نواز شریف نے ہر دور میں بلوچستان کے سیاسی و سماجی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے نہ صرف سنجیدہ کوششیں کی ہیں بلکہ قربانیاں بھی دی ہیں۔ میر عطاءاللہ محمد زئی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ایک سنجیدہ اور تجربہ کار سیاستدان ہیں، جن پر میاں محمد نواز شریف کو مکمل اعتماد ہے۔ دونوں رہنماؤں کی حالیہ ملاقات بلوچستان کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے، جو صوبے میں تاریخی تبدیلی کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت بلوچستان میں خوشحالی، امن و امان، اور روزگار کی فراہمی کے لیے جو اقدامات کر رہی ہے، اس سے صوبے کے عوام میں اطمینان اور اعتماد پیدا ہوا ہے۔