سنگ آباد کے رہائشی بہادر چاکر 3 دن جبری گمشدگی کے بعد رہا، سی پیک روڈ پر احتجاج ختم، ٹریفک بحال

تربت (گدروشیا پوائنٹ) سنگ آباد کے رہائشی طالب علم بہادر چاکر بلوچ کو آج تیسرے روز بازیاب کرکے رہا کردیا گیا۔ بہادر کو 3 روز قبل رات کے وقت سنگ آباد میں گھر سے سیکورٹی اہلکاروں نے مبینہ طور پر لاپتہ کیا تھا۔ لاپتہ کرنے کے رد عمل میں لواحقین نے احتجاجاً سی پیک شاہراہ کو بند کردی تھی۔ شاہراہ کی بندش سے تربت سے کوئٹہ، پنجگور اور ہوشاب اور اس طرف سے تربت اور گوادر آنے والی مسافر اور مال بردار گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی تھیں۔ لواحقین کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور لواحقین کے درمیان اس بات پر مذاکرات ہوا تھا کہ 28 جنوری کی شام چھ بجے تک لڑکے کو رہاکیاجائیگا اسلئے رات کو تعاون کرکے روڈ کھول کر سڑک کے کنارے احتجاج جاری رکھا گیا تھا مگر رات تک اس کو بازیاب نہ کرنے کی صورت میں مذاکرات ناکام ہوئے تھے اور آج صبح 6 بجے دوبارہ سی پیک روڈ بند کردی گئی تھی۔ اورعلاقہ مکین اورفیملی کی جانب سے ڈی سی کیچ کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ فیملی اورعلاقہ مکینوں کی جانب سے تین روز سے جاری احتجاج اور مزاحمت کے بعد آج 29 جنوری کو بہادر چاکر کو تربت سے رہا کرکے فیملی کے حوالے کیا گیا۔ رہائی کے بعد لواحقین نے احتجاج ختم کرکے روڈ کھول دی ہے جس کے بعد ٹریفک بحال ہوچکی ہے۔