گوادر( گدروشیا پوائنٹ)جامعہ گوادر میں مینجمنٹ سائنسز کے ایم ایس پروگرام کے پہلے بیچ میں اسپرنگ سمسٹر 2026 کے داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا، جس میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ یہ اقدام جامعہ گوادر کی تاریخ میں پوسٹ گریجویٹ تعلیم کے باضابطہ آغاز کی ایک اہم اور تاریخی پیش رفت ہے۔ انٹری ٹیسٹ کا انعقاد گریجویٹ اسٹڈیز آفس (GSO) کی نگرانی میں نہایت منظم، شفاف اور پُرامن ماحول میں کیا گیا۔ امتحانی نظم و ضبط، انتظامی امور اور امیدواروں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کیے گئے تھے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق مینجمنٹ سائنسز میں ایم ایس پروگرام کے پہلے بیچ کا آغاز جامعہ گوادر کے تعلیمی وژن کی عملی عکاسی ہے، جس کا مقصد اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرنا، تحقیق کو فروغ دینا اور خطے کے نوجوانوں کو جدید علمی و پیشہ ورانہ مواقع مہیا کرنا ہے۔ انٹری ٹیسٹ کا کامیاب انعقاد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جامعہ گوادر اعلیٰ تعلیم کے میدان میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور مستقبل میں مزید معیاری پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کے آغاز کے لیے پُرعزم ہے۔اس موقع پر جامعہ گوادر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے ایم ایس پروگراموں کے پہلےانٹری ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر گریجویٹ اسٹڈیز آفس اور شعبہ مینجمنٹ سائنسز کو مبارکباد پیش کی ہے۔

