تربت، میراتھن ریس کو کامیاب بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک، ڈی سی بشیر احمد بڑیچ کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد

تربت(گدروشیا پوائنٹ) کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے تحت منعقد ہونے والی میراتھن ریس کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیرِ صدارت ڈی سی آفس تربت میں ایک اہم اور فیصلہ کن اجلاس منعقد ہوا جس میں میراتھن ریس کے تمام انتظامی پہلوؤں کو حتمی شکل دی گئی.اجلاس میں اے ڈی سی کیچ مقبول انور رند، اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، فیسٹول سیکرٹری التاز سخی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالروف بلوچ ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امجد شہزاد کے علاوہ محکمہ ایگریکلچر، ایم ایم ڈی، بی اینڈ آر، ماحولیات، سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران میراتھن ریس کے روٹ، سیکیورٹی پلان، میڈیا کوریج، ٹریفک مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کے لیے پانی، طبی سہولیات سمیت تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ میراتھن ریس نہ صرف کھیلوں کے فروغ بلکہ صحت مند طرزِ زندگی کے پیغام کا ذریعہ ہے اس لیے تمام لائن ڈیپارٹمنٹس اپنی ذمہ داریاں بروقت اور مؤثر انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان پر زور دیا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ریس کے آغاز سے قبل صبح 10:30 بجے ڈی سی ہاؤس کے سامنے اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے اعلان کیا کہ میراتھن ریس اوپن ہے جس میں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ عوام الناس، نوجوان ، طلباء اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی حصہ لےسکتی ہیں۔ انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ ریس کے آغاز سے پہلے ڈی سی ہاؤس کے سامنے پہنچ جائیں تاکہ نظم و ضبط کے ساتھ مقابلے کا آغاز کیا جاسکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ نے میونسپل کارپوریشن کے کونسلران، آل پارٹیز کیچ اور انجمن تاجران کے رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں اور انہیں میراتھن ریس میں شرکت کی دعوت دی۔ واضح رہے کہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے تحت میراتھن ریس ہفتے کے روز 10 جنوری 2026 کو صبح 10:30 بجے ڈی سی کیچ کی رہائش گاہ تربت کے سامنے سے شروع ہوگی جو پولیس تھانہ روڈ، سے پولیس تھانہ چوک اور تختی چوک سے ہوتی ہوئی تعلیمی چوک پھر ایئرپورٹ روڈ سے کیچ اسٹیڈیم کے قریب اختتام پذیر ہوگی۔