تربت(گدروشیا پوائنٹ)مغویان کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی ریلی کی تیاریوں کے حوالے سے آل پارٹیز کیچ کا اجلاس تربت پریس کلب میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت آل پارٹیز کیچ کے کنوینر نواب خان شمبے زئی نے کی جبکہ اجلاس میں نیشنل پارٹی کیچ کے صدر یونس جاوید ، مغوی شہنواز رند کے چچا ڈاکٹر فاروق رند، مغوی حسیب بلوچ کے والد سیٹھ حاجی یاسین، انجمن تاجران کے صدر حاجی نثار آدم، نیشنل پارٹی کےنیاز کیازئی، پیپلز پارٹی کے رہنما خلیل تگرانی، پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما وارث دشتی اور دیگر موجود تھے۔ فیصلہ کیا گیا کہ احتجاجی ریلی تربت پریس کلب سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزاری جائے گی ۔ اجلاس میں شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ اغوا برائے تاوان کے خلاف یہ احتجاج پُرامن ہوگا جس کا مقصد مغویان کی فوری بازیابی، متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی اور امن و امان کی بحالی کے لیے واضح اور اجتماعی پیغام دینا ہے۔ شرکاء نے کہا کہ اغوا برائے تاوان ایک سنگین اور انسانیت سوز جرم ہے جو پورے معاشرے کو عدم تحفظ کا شکار بنا رہا ہے، جبکہ بچوں، طلبہ اور محنت کش طبقے کو خاص طور پر شدید خطرات لاحق ہیں۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ مغویان کی بازیابی کے لیے فوری، شفاف اور مؤثر کارروائی کریں اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔احتجاجی ریلی 5 جنوری کو دن 12 بجے فدا شہید چوک تربت سے نکالی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اس پُرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں، نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ خاموشی ظلم کو بڑھاتی ہے، جبکہ اتحاد ہی انصاف کی راہ ہموار کرتا ہے، اس لیے تمام باشعور شہری خوف کے خلاف اور انصاف کے لیے متحد ہو کر آواز بلند کریں۔

