تربت: کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے تحت فٹ بال ٹرافی کی رونمائی

تربت(گدروشیا پوائنٹ)ضلع کیچ میں اسپورٹس کے فروغ کے لیے منعقد کیے جانے والے کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے سلسلے میں فٹ بال ٹرافی کی تقریبِ نقاب کشائی فٹسال گراؤنڈ، ایئرپورٹ چوک تربت میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی ابتدا تلاوتِ کلامِ پاک سے کی گئی، جبکہ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہا کہ کیچ کی سرزمین کھیلوں کے بے پناہ ٹیلنٹ سے مالا مال ہے اور یہاں کے نوجوان کھیل، ثقافت اور مثبت سرگرمیوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فٹ بال جیسے کھیل نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول میں مقامی سطح کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی ٹیمیں بھی شریک ہوں گی، جبکہ تعلیمی اداروں کے طلبہ کو بھی کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ فیسٹیول کے دوران فٹ بال، کرکٹ، میراتھن ریس اور روایتی بلوچی کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ فیسٹیول انتظامیہ کے مطابق اس ایونٹ کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور مقامی کھیلوں کو اجاگر کرنا ہے۔ مقررین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فیسٹیول میں شرکت کر کے اسے کامیاب بنائیں۔ فٹ بال گروپ کے نمائندے چاکر خان نے بتایا کہ فیسٹیول کے تحت 16 فٹ بال ٹیمیں میدان میں اتریں گی، جن میں مختلف شہروں کے علاوہ ایران سے آنے والی ٹیم بھی شامل ہے۔ فٹ بال مقابلوں کا آغاز 5 تاریخ کو گوادر اور کراچی کی ٹیموں کے درمیان میچ سے ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر کیچ نے فیسٹیول منتظمین کے ہمراہ فٹ بال ٹرافی باضابطہ طور پر فٹ بال کمیٹی کے حوالے کی۔ تقریب میں کھلاڑیوں، منتظمین اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔