لورالائی:شدید سردی میں طلبہ کو لائبریری میں مطالعہ کرنے میں مشکلات کاسامنا، طلبہ کا ڈی سی اور ایم پی اے سے فوری گیس فراہم کرنے کی اپیل

لورالائی(گدروشیا پوائنٹ)سردیوں کی شدت بڑھنے کے ساتھ ہی لورالائی لائبریری میں گیس کی سہولت نہ ہونے کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے۔ طلبہ کے مطابق شدید سردی کے باعث لائبریری میں بیٹھ کر مطالعہ کرنا مشکل ہو چکا ہے، جس سے ان کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے طالب علم اپنے بہتر مستقبل کے خواب لیے لائبریری کا رخ کرتے ہیں، تاہم سردی کی شدت ان کی توجہ اور محنت میں رکاوٹ بن رہی ہے۔لائبریری بہت سے طلبہ کے لیے واحد پُرسکون اور محفوظ مقام ہے، کیونکہ گھروں میں مناسب تعلیمی ماحول میسر نہیں ہوتا۔گیس کی عدم دستیابی کے باعث کئی طلبہ جلد واپس جانے پر مجبور ہیں، بعض بیمار پڑ رہے ہیں جبکہ بعض نے لائبریری آنا ہی چھوڑ دیا ہے۔ طلبہ نے نشاندہی کی کہ علم کا حصول عبادت ہے، مگر شدید سردی میں یہ عمل انتہائی دشوار ہو جاتا ہے۔طلبہ لورالائی نے ڈپٹی کمشنر لورالائی اور ایم پی اے سے انسانی ہمدردی اور تعلیمی بہتری کے پیش نظر لائبریری میں گیس کی فراہمی جلد از جلد یقینی بنانے کی پرزور اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سینکڑوں طلبہ کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا اور تعلیمی تسلسل کو برقرار رکھنے میں مدد دے گا۔