پسنی(گدروشیا پوائنٹ)میونسپل کمیٹی پسنی کی جانب سے شہر بھر میں صفائی ستھرائی مہم تیزی سے جاری.میونسپل کمیٹی پسنی کی جانب سے پسنی شہر میں صفائی ستھرائی کی جامع اور منظم مہم زور و شور سے جاری ہے۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی پسنی نور احمد کلمتی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عادل بشیر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اس مہم کا آغاز کیا گیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔
اس مہم کے تحت سپروائزر حدا گنج کی براہِ راست نگرانی میں میونسپل کمیٹی کا عملہ شہر کے مختلف علاقوں، گلی محلوں، مرکزی شاہراہوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے اور صفائی کے دیگر اقدامات انجام دے رہا ہے۔ خصوصی مشینری اور افرادی قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے کچرے کی بروقت منتقلی اور نکاسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
صفائی مہم کے باعث شہر کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے جبکہ شہریوں نے میونسپل کمیٹی کے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ شہریوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ صفائی کا یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔
چیئرمین نور احمد کلمتی اور چیف آفیسر عادل بشیر نے اس موقع پر کہا کہ شہر کی صفائی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ صفائی مہم میں میونسپل کمیٹی سے تعاون کریں اور کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں تاکہ پسنی کو ایک صاف اور مثالی شہر بنایا جا سکے۔

