میونسپل کمیٹی پسنی کی جانب سے صفائی مہم تیزی سے جاری

پسنی(گدروشیاپوائنٹ)سٹی چیئرمین میرنور احمد کلمتی کے خصوصی احکامات اور میونسپل کمیٹی پسنی کے چیف افسر عادل بشیر کی زیر نگرانی شہر بھر میں صفائی مہم تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ اس مہم کے تحت میونسپل کمیٹی کا عملہ پسنی کے مختلف علاقوں میں صفائی کے کام سرانجام دے رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں وارڈ نمبر 7، 6، 5 اور وارڈ نمبر 3 میں گلی محلوں، سڑکوں، نالیوں اور عوامی مقامات کی صفائی کی جا رہی ہے۔ میونسپل کمیٹی کا عملہ بھاری مشینری اور صفائی کے آلات کے ساتھ دن رات کام میں مصروف ہے تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور صحت مند بنایا جا سکے۔ چیف افسر میونسپل کمیٹی پسنی عادل بشیر نے اس موقع پر بتایا کہ صفائی مہم روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے اور شہر کے تمام وارڈز میں مرحلہ وار صفائی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنا میونسپل کمیٹی کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی کے عمل کی خود نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ افسران اور سپروائزرز کو بھی فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صفائی کے عمل میں میونسپل کمیٹی کے عملے سے تعاون کریں اور کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں۔
شہریوں نے صفائی مہم کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے شہر کی مجموعی صفائی کی صورتحال بہتر ہوگی اور عوام کو صحت مند ماحول میسر آئے گا۔