نوکنڈی، چینی اور پاکستانی نوجوانوں نے بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کی یومِ پیدائش منائی

نوکنڈی (گدروشیا پوائنٹ)ایم آر ڈی ایل سائندک میں چینی اور پاکستانی نوجوانوں نے بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کی یومِ پیدائش نہایت جوش و جذبے سے منائی۔ اس تقریب کا مقصد قائدِ اعظم کے افکار، اصولوں اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور پاک چین دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانا تھا۔تقریب کے دوران پُرخلوص مکالمے، انٹرایکٹو سرگرمیاں اور مشترکہ اظہارِ خیال کیا گیا، جن میں نوجوانوں نے قائدِ اعظم کی جدوجہد، قیادت اور وژن پر روشنی ڈالی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ قائدِ اعظم کے اصول آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل محمد عقیل احمد، کمانڈر ایف سی 140 وِنگ، ایم آر ڈی ایل سائندک کے وائس پریذیڈنٹ رمضان علی، اور ای پی زیڈ اے سائندک کے منیجر عبد اللطیف بھی موجود تھے۔مقررین نے پاک چین دوستی کو وقت کی کسوٹی پر پورا اترنے والا رشتہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا باہمی اشتراک مستقبل میں مزید مثبت نتائج دے گا۔ تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔