کوئٹہ(گدروشیا پوائنٹ) بلوچستان کے صوبائی مشیر برائے اسپورٹس اور امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے اپنے آبائی علاقے مند میں گزشتہ روز موبائل فون ٹاورز نذر آتش کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے اپنے مزمتی بیان میں کہاہے کہ یہ بزدلانہ اور دہشتگردانہ کارروائیاں نہ صرف معاشرتی ترقی کے لیے رکاوٹ ہیں بلکہ عام بلوچ عوام کو بھی شدید نقصان پہنچا رہی ہیں۔ مینا مجید بلوچ نے کہا کہ اس طرح کے حملوں سے دہشت گردوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ عام شہریوں کی روزمرہ زندگی، کمیونیکیشن اور کاروباری سرگرمیوں میں مشکلات پیدا ہوں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچ عوام ایسے بزدلانہ اقدامات کی ہر صورت مزاحمت کریں گے اور دہشت گرد عناصر کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ وزیراعلی بلوچستان کے مشیر مینا مجید نے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں سے بھی مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے اس بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کے بنیادی حقوق اور ترقیاتی منصوبوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جاسکے۔

