تربت(گدروشیاپوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر تربت حنیف کبزائی نے سیول ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران اسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا گیا اور انتظامی و طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے اسپتال کے احاطہ میں قائم میڈیکل اسٹورز کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر سیل کرنے کے احکامات جاری کیے اور میڈیکل اسٹور مالکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اصل اور منظور شدہ جگہوں پر منتقل ہوں۔دورے کے دوران درجہ حرارت بھی چیک کیا گیا جبکہ اسپتال کی مجموعی صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کینٹین کا بھی معائنہ کیا گیا جہاں صفائی کے ناقص انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری بہتری کی ہدایت کی۔اسسٹنٹ کمشنر حنیف کبزائی نے کہا کہ عوام کو معیاری اور صاف ستھرا طبی ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی، نظم و ضبط اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

