تربت: بلوچستان گرینڈ الائنس کی کال پر ضلع کیچ میں قلم چھوڑ و کام چھوڑ ہڑتال سو فیصد کامیاب، تمام سرکاری دفاتر میں مکمل کام معطل

تربت (گدروشیا پوائنٹ) بلوچستان گرینڈ الائنس کے جاری احتجاجی شیڈول کے مطابق آج بروز اتوار 29 دسمبر کو قلم چھوڑ و کام چھوڑ ہڑتال کو سو فیصد کامیاب اور مؤثر بنانے کے لیے ضلعی آرگنائزنگ ایکشن کمیٹی ضلع کیچ بلوچستان گرینڈ الائنس کے عہدیداران و ممبران نے بھرپور اور منظم انداز میں عملی اقدامات کیے اس سلسلے میں کمیٹی کے اراکین نے صبح 9 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ضلع کیچ کے تمام سرکاری محکموں کا دورہ کیا اور ہڑتال کے تسلسل اور مؤثریت کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل نگرانی جاری رکھی۔ الحمداللہ ضلع کیچ میں قلم چھوڑ و کام چھوڑ ہڑتال مکمل طور پر کامیاب رہی اور تمام سرکاری دفاتر میں کام معطل رہا جن محکموں نے اس ہڑتال میں بھرپور شرکت کی ان میں ڈسٹرکٹ میل و فیمیل اور ڈویژنل ڈائریکٹر تعلیمات مکران کے دفاتر، ضلع کیچ کے تمام کالجز اور اسکولوں کے دفاتر، ڈویژنل و ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس، محکمہ پی اینڈ ڈی کیچ، خزانہ آفیس کیچ، ایگریکلچر، فوڈ، محکمہ فشریز کیچ، ڈی پی او آفس، کمشنر مکران ڈویژن، ڈپٹی کمشنر کیچ، لوکل گورنمنٹ، محکمہ انڈسٹریز، محکمہ جنگلات سمیت دیگر تمام سرکاری محکمے شامل تھے ان تمام محکموں کے ملازمین نے قلم چھوڑ و کام چھوڑ ہڑتال میں مؤثر، منظم اور بھرپور شرکت کرکے ضلع کیچ کی جانب سے اس احتجاج کو مکمل اور سو فیصد کامیاب بنایا۔ ضلعی ایکشن کمیٹی کیچ کے عہدیداران و ممبران کی جانب سے دی گئی کال پر مکمل تعاون کرنے اور ہڑتال کو کامیابی سے ہمکنار کرنے پر ہم ضلع کیچ کے تمام ملازمین کے بے حد شکر گزار ہیں ہمیں ضلع کیچ کے باشعور ملازمین سے یہ قوی امید اور توقع ہے کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کے آئندہ احتجاجی مراحل جن میں دفاتر کی تالہ بندی اور لاک ڈاؤن شامل ہیں، کو بھی اسی جذبے، اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ کامیاب بنائیں گے ملازمین اتحاد کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی بھرپور اور مؤثر آواز حکومتی ایوانوں تک پہنچانے میں اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی عہدہ برآ ہوں گے۔ آج کے اس دورہ اور نگرانی کمیٹی میں ضلعی ایکشن کمیٹی کے سیکرٹری اطلاعات اور وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع کیچ کے جنرل سیکرٹری صالح بلوچ، بلوچستان گرینڈ الائنس کیچ کے آرگنائزنگ ممبر اور ایپکا کیچ کے سبزل خان بلوچ، جی ٹی اے کے اکبر علی اکبر، عبدالصمد ، سیسا کیچ کے صدر کامریڈ رسول بخش اور فصل احمد بلوچ، وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ضلعی چیف آرگنائزر میر اللہ بخش بلوچ، پمسا کیچ کے ظریف علیان رند، ڈبلیو ٹی اے کیچ کے حاصل ولی، سمیت دیگر رہنما بھی شامل تھے۔