تربت:ڈاکٹر محمد یاسین کی بین الاقوامی کانفرنس میں تربت یونیورسٹی کی نمائندگی، وائس چانسلر کی جانب سے کارکردگی کی تعریف

تربت(گدروشیا پوائنٹ) یونیورسٹی آف تربت کے فیکلٹی ممبر اورآفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد یاسین نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کراچی کے فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے زیر اہتمام میڈیا اور سوشل ڈویلپمنٹ 2025 کے عنوان پرمنعقدہ تیسری بین الاقوامی کانفرنس میں تربت یونیورسٹی کی نمائندگی کی۔اس کانفرنس میں دنیا بھر سے ماہرین تعلیم، محققین، پالیسی سازوں اور میڈیا پروفیشنلز نے شرکت کی۔ کانفرنس کے مختلف سیشنز میں سماجی تبدیلی، پائیدار ترقی، مصنوعی ذہانت، میڈیاکی اثرپذیری اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے بین الاقوامی کانفرنس میں تربت یونیورسٹی کی موثر نمائندگی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پرڈاکٹر محمد یاسین کو دلی مبارکباد پیش کی۔ ترجمان تربت یونیورسٹی کے مطابق وائس چانسلر کی قیادت میں تربت یونیورسٹی اپنے فیکلٹی ممبران کو تحقیق اور علمی ترقی کے لیے بہترین ماحول اور مواقع فراہم کر رہی ہے۔ ڈاکٹر گل حسن کا کہنا تھا کہ فیکلٹی ممبران کی ملکی اور عالمی سطح کے سیمینارز اور کانفرنسز میں شرکت سے نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر یونیورسٹی کے تعلیمی وقار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔