تربت (گدروشیا پوائنٹ) کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں کرکٹ اسٹیڈیم تربت میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں فیسٹیول کے سربراہ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ، سیکرٹری التاز سخی، کرکٹ ٹیموں کے منیجرز عبدالرحیم ، بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن کوئثہ ریجن کے سابق صدر شاہ دوست دشتی اور مختلف کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں نے تقریب کے دوران میڈیا نمائندگان اور کھلاڑیوں کو فیسٹیول سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز 5 جنوری 2026 کو ہوگا جس میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں اور فٹنس سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیسٹیول کو علاقائی سطح کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی رنگ دینے کیلئے اور مقامی لوگوں کی دلچسپی اور توجہ بڑھانے کیلئے ایران اور کراچی سے بھی کرکٹ ٹیموں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو معیاری مقابلوں کا موقع مل سکے اور کھیلوں کے فروغ کے ساتھ نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عبدالغفار دشتی سمیت دیگر متعلقہ افسران، کوچز اور کھلاڑی بھی موجود تھے۔ شرکاء نے فیسٹیول کے انعقاد کو ضلع کیچ میں کھیلوں کی ترقی اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

