جیونی (گدروشیا پوائنٹ)گورنمنٹ گرلز انٹر کالج جیونی نے کوسٹ گارڈ کی جانب سے فراہم کیے گئے تعلیمی و انتظامی تعاون پر دلی مسرت اور تشکر کا اظہار کیا ہے۔ کالج انتظامیہ کے مطابق کوسٹ گارڈ نے ادارے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کرسیاں، سولر سسٹم، کالج بس کے ٹائر، فیول اور کالج کی عمارت کی رنگ و روغن کے لیے مالی و عملی معاونت فراہم کی، جس سے تعلیمی ماحول میں واضح بہتری آئی ہے۔کالج انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئی فراہم کردہ کرسیاں طالبات کے لیے آرام دہ تعلیمی سہولیات کا باعث بنی ہیں، جبکہ سولر سسٹم کی تنصیب سے بجلی کے مسائل میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور تعلیمی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہنے لگی ہیں۔ اسی طرح کالج کی عمارت کی رنگ و روغن سے ادارے کی خوبصورتی اور مجموعی ماحول میں خوشگوار تبدیلی آئی ہے، جو طالبات اور اساتذہ دونوں کے لیے سازگار ثابت ہو رہی ہے۔ گورنمنٹ گرلز انٹر کالج جیونی نے کوسٹ گارڈ کے اس تعاون کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ مختلف سرکاری و فلاحی تنظیموں کے ساتھ باہمی تعاون کے ذریعے تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ کالج انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی کوسٹ گارڈ اسی جذبۂ تعاون کے ساتھ ادارے کی معاونت جاری رکھے گا، تاکہ طالبات کو مزید بہتر تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں اور وہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ آخر میں کالج انتظامیہ نے ایک مرتبہ پھر کوسٹ گارڈ کے تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

