گوادر: حق دو تحریک بلوچستان کے رہنماؤں کی ضلعی افسران سے ملاقات، گنز اور جیونی کے عوامی مسائل پر گفتگو

گوادر (گدروشیا پوائنٹ)حق دو تحریک بلوچستان کے سینیئر رہنماؤں نے گنز اور تحصیل جیونی کے عوامی مسائل کے حل کے لیے گوادر میں ضلعی افسران سے ملاقاتیں کیں۔ یہ ملاقاتیں حالیہ دورۂ گنز و جیونی کے دوران سامنے آنے والے مسائل کے تناظر میں کی گئیں، جہاں عوام نے پانی، تعلیم اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق سنگین مشکلات سے تحریک کے رہنماؤں کو آگاہ کیا تھا۔ حق دو تحریک کے وفد کی قیادت ایم پی اے کے کوآرڈینیٹر شریف میانداد نے کی، جبکہ وفد میں نوید محمد، اکرم فدا اور بابر شہزاد شامل تھے۔ وفد نے ایکسئین پبلک ہیلتھ گوادر مومن صاحب، ایکسئین بی اینڈ آر اکرم صاحب اور ڈی ای او ایجوکیشن زاہد صاحب سے ان کے دفاتر میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران جیونی، گنز اور بندری کے علاقوں میں پانی کی قلت، ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹریل کے استعمال، جاری کاموں کی بندش اور تعلیمی اداروں سے متعلق مسائل تفصیل سے افسران کے سامنے رکھے گئے۔ ضلعی افسران نے مسائل کو غور سے سننے کے بعد ان کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ متعلقہ محکمے عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔ اس موقع پر افسران نے حق دو تحریک بلوچستان کے عوام دوست وژن کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون کے ذریعے مسائل کے حل پر اتفاق کیا۔