پسنی: چیئرمین میونسپل کمیٹی نور احمد کلمتی کا لیڈیز مارکیٹ کا دورہ، ترقیاتی منصوبے کا جائزہ

پسنی (گدروشیا پوائنٹ)چیئرمین میونسپل کمیٹی نور احمد کلمتی نے لیڈیز مارکیٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی منصوبے کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی پسنی فہیم علی جوہر، کونسلر ملا شاداد، ندیم یاسین، ٹھیکیدار بوہیر عبدی، ہدایت اللہ سمیت دیگر متعلقہ افراد موجود تھے۔ دورے کے دوران چیئرمین میونسپل کمیٹی کو لیڈیز مارکیٹ میں جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ نور احمد کلمتی نے کام کے معیار، رفتار اور استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل کا بغور جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی نور احمد کلمتی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیڈیز مارکیٹ کی بہتری سے بالخصوص خواتین کو بہتر تجارتی اور خریداری کی سہولیات میسر آئیں گی، جو شہر کی مجموعی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی پسنی عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ کام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام امور متعلقہ انجینئرز کی نگرانی میں مکمل کیے جائیں۔ دورے کے اختتام پر چیئرمین میونسپل کمیٹی نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔