پسنی: گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ببرشور میں اسپورٹس گالا کے دوسرے روز کھیلوں کی گہماگہمی جاری

پسنی(گدروشیا پوائنٹ)گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ببرشور میں جاری اسپورٹس گالا کے دوسرے روز کھیلوں کی گہماگہمی اپنے عروج پر رہی۔ فٹبال، کرکٹ اور اسمال ایریاز گیمز کے مختلف مقابلوں میں طلبہ نے بھرپور شمولیت اختیار کی، جبکہ گراؤنڈ میں موجود شرکا نے بچوں کی کارکردگی کو خوب سراہا۔ تقریبات کے مہمانِ خصوصی چیف آفیسر پسنی عادل بشیر تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں طلبہ کی ذہنی، جسمانی اور اخلاقی تربیت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق اسپورٹس گالا جیسے پروگرام نہ صرف صحت مند مقابلے کی فضا کو پروان چڑھاتے ہیں بلکہ طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔فٹبال مقابلوں میں طلبہ کی عمدہ پاسنگ، مربوط ٹیم ورک اور دفاعی حکمتِ عملی نے شائقین کو بے حد محظوظ کیا۔ کرکٹ میچوں میں بھی بیٹسمینوں اور بالرز نے متاثر کن کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیموں کو برتری دلوانے کی کوشش کی۔ اسپورٹس گالا کے اسمال ایریاز گیمز میں جماعت اول سے پنجم تک کے طلبہ نے دوڑ، رسی کشی، فاسٹ رن اور بیلنس گیمز سمیت مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ کم عمر طلبہ کی پھرتی، چستی اور جوش قابلِ داد تھا۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ بچوں کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ کھیل ان کی تربیت، اعتماد اور شخصیت سازی میں مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔