تربت:گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول سنگانی سر میں اسپورٹس ویک کی افتتاحی تقریب منعقد

تربت (گدروشیا پوائنٹ)گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول سنگانی سر مومن محلہ میں اسپورٹس ویک کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی تربت کے معروف سماجی شخصیت اور کونسلر دشتی بازار شمالی، کیپٹن چاکر خان تھے، جنہوں نے افتتاحی کِک لگا کر اسپورٹس ویک کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر اسکول کے ہیڈماسٹر سعدی شہزادہ اور اساتذہ کرام نے مہمانِ خصوصی کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ تقریب میں طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی، جبکہ مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی شروع کر دیے گئے جن میں فٹبال، کرکٹ، ریس اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔ کیپٹن چاکر خان نے افتتاح کے موقع پر کہا اسپورٹس صرف کھیل نہیں یہ بچوں میں نظم و ضبط، اعتماد اور ٹیم ورک پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ ہمارے نوجوان کھیلوں میں آگے بڑھیں، اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں اور تربت کا نام روشن کریں۔ ایسے مثبت پروگراموں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ ہیڈماسٹر سعدی شہزادہ نے کہا کہ اسپورٹس ویک کا مقصد طلبہ میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا، ان میں ٹیم ورک کا جذبہ پیدا کرنا اور کھیلوں کے ذریعے اعتماد اور نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔اساتذہ کرام نے امید ظاہر کی کہ اسپورٹس ویک نہ صرف طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارے گا بلکہ انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب بھی کرے گا۔