تربت(گدروشیا پوائنٹ)یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے بورڈ آف اسٹڈیز کا پانچواں اجلاس شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر جہانگیر خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد شعبہ کے مختلف تعلیمی پروگراموں کے نصاب کا جائزہ لینا اور انہیں جدید تقاضوں اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا تھا۔ اجلاس میں یونیورسٹی آف بلوچستان کے پروفیسر ڈاکٹر آشف سجاد اور لسبیلہ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالحمید بلوچ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ تربت یونیورسٹی کے دیگر فیکلٹی ممبران اور کالجوں کے اساتذہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔ مختلف تعلیمی امور پر تبادلہ خیال کے بعد بائیو کیمسٹری، بائیو ٹیکنالوجی اور باٹنی کے نصاب سمیت پی ایچ ڈی پروگرام کے نصاب کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق اپ ڈیٹ کیا گیا۔ اختتام پر ڈاکٹر جہانگیر خان اچکزئی نے بورڈ کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی طلباء کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں اور مصنوعی ذہانت کے علم سے آراستہ کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اپنے پروگراموں کو مارکیٹ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی نئی پالیسی سے ہم آہنگ کر رہی ہے۔

