تربت:ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اصغر علی اور اسسٹنٹ الیکشن کمشنر اسرار حسین کا جامعہ اشرف المدارس آبسر کا دورہ

تربت(گدروشیا پوائنٹ)ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کیچ اصغر علی اور اسسٹنٹ الیکشن کمشنر اسرار حسین نے جامعہ اشرف المدارس آبسر تربت کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء حافظ عبدالحفیظ مینگل سے خصوصی ملاقات بھی ہوئی جس میں ووٹرز کے جدید اندراج، رجسٹریشن کے نئے مراحل، شفافیت کے تقاضوں اور الیکشن کمیشن کے طریقہ کار پر مفصل گفتگو کی گئی۔ الیکشن کمیشن کے نمائندگان نے کہا کہ درست اندراج، آسان رجسٹریشن اور عوامی آگاہی کمیشن کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، تاکہ ہر شہری کو بااختیار بنایا جا سکے اور منصفانہ انتخابی عمل تک اس کی رسائی یقینی ہو۔ جامعہ کے ناظمِ اعلیٰ مولانا عبدالوحید احمد اور اساتذہ کرام بھی اس دوران موجود تھے۔ بعد ازاں مہمانوں نے جامعہ کے مختلف شعبہ جات، تعلیمی سرگرمیوں اور زیر تعمیر حصوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جامعہ اشرف المدارس کی دینی و علمی خدمات، طلباء کے جذبے اور پرامن ماحول کو سراہتے ہوئے اسے تربت میں تعلیم، اخلاق اور سماجی خدمت کا ایک روشن اور مضبوط مرکز قرار دیا. جامعہ انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے دورے نہ صرف عوامی آگاہی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ اجتماعی بہتری اور ادارہ جاتی رابطوں کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔