تربت(گدروشیا پوائنٹ)محکمہ کھیل و یوتھ افیئرز حکومتِ بلوچستان کے زیرِ اہتمام مکران ڈویژن اسپورٹس فیسٹیول 2025 کا پُر جوش آغاز تربت میں کرکٹ گراؤنڈ ایئرپورٹ چوک پر ہوا، جہاں کھلاڑیوں، شائقین اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد شریک تھی۔ فیسٹیول کے تمام انتظامات ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عبدالغفار دشتی کی زیر نگرانی مکمل کیے گئے۔ افتتاحی میچ کا آغاز سیکریٹری ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن گوادر میر عبداللہ علی حسن نے کیا۔ اس موقع پر فنانس سیکریٹری ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن تربت مجاہد نور، پاکستان پی سی بی کوچ حافظ عبدالقدوس، کیپٹن عبدالباسط سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں اور اسپورٹس شخصیات نے بھی شرکت کی۔ فیسٹیول میں پندرہ سے زائد کھیل شامل کیے گئے ہیں، جن میں کرکٹ، فٹبال، والی بال، ڈاٹ بورڈ، کیرم، لڈو، رسا کشی، روپ اسکیپنگ، 100 میٹر ریس، بوڑی ریس، کبڈی، میوزیکل چیئر، اسپون ریس، بیڈمنٹن اور دیگر گیمز شامل ہیں۔ افتتاحی مقابلہ کیچ اور گوادر کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ہوا۔ گوادر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز اسکور کیے۔ میچ کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ کھلاڑیوں نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کیچ اور مکران یوتھ افیئرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس فیسٹیول نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے فیسٹیول بلوچستان کے تمام اضلاع میں منعقد کیے جائیں تاکہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔

