تربت:اربن ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے ایکسیئن شعیب سعید کا ڈاکٹر سہیل بلوچ میموریل پبلک لائبریری کے تعمیراتی کام کا اچانک دورہ، جون تک تکمیل کا اعلان

تربت (گدروشیا پوائنٹ) اربن ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے ایکسیئن شعیب سعید نے ڈاکٹر سہیل بلوچ میموریل پبلک لائبریری کے زیرتعمیر منصوبے کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے تعمیراتی معیار، رفتار، اور کام کی نگرانی کے لیے مقرر تکنیکی عملے سے بھی بریفنگ لی۔ شعیب سعید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لائبریری کا یہ منصوبہ تربت شہر کے لیے ایک اہم تعلیمی و علمی مرکز کی حیثیت اختیار کرے گا، اسی لیے تعمیراتی کام کے ہر پہلو پر سختی سے نگرانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا اور اس سلسلے میں تمام اداروں کو ذمہ داری اور دیانت داری سے فرائض انجام دینے چاہیئیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کا جاری کام تسلی بخش اور معیار کے مطابق ہے، جس پر انہوں نے کنٹریکٹر اور ورکنگ ٹیم کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ لائبریری کی تعمیر میں استعمال ہونے والے میٹریل، ڈیزائن اور فینشنگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہر کو ایک معیاری اور جدید لائبریری فراہم کی جا سکے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایکسیئن شعیب سعید نے کہا کہ
انشاءاللہ یہ منصوبہ جون تک مکمل کر لیا جائے گااور عوام جلد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ لائبریری کی تکمیل سے شہر کے طلبہ، محققین اور مطالعہ کے شوقین افراد کو ایک پرسکون، جدید اور معیاری علمی ماحول فراہم ہوگا۔عوامی حلقوں نے ایکسیئن شعیب سعید کے اس اچانک دورے اور تعمیراتی معیار کے حوالے سے ان کے واضح موقف کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ لائبریری جلد مکمل ہو کر تربت میں علمی سرگرمیوں کا مرکز بنے گی۔