تربت(گدروشیا پوائنٹ) مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور متحرک سینئر وکیل رہنما محراب خان گچکی نے مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے اپنے مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ مکران بار کے صدارتی امیدوار سینئر وکیل اور نامور قانونی ماہر، چئیرمین سعید فیض ایڈووکیٹ اس منصب کیلئے مکمل اہلیت اور تجربہ رکھتے ہیں۔ سعید فیض ایک معتبر سیاسی کیڈر اور مخلص رہنما ہیں جنہوں نے مکران کے وکلاء، نوجوانوں اور شہریوں کی ہمیشہ بےلوث خدمت کی ہے اور بنیادی آئینی حقوق کیلئے ہرفورم پر مدلل انداز میں اواز بلند کی ہے۔ محراب خان گچکی نے کہا کہ سعید فیض نے اصولی سیاست، بار کے وقار میں اضافہ اور عدالتوں میں پیشہ ورانہ شرافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی جدوجہد، قانونی فہم اور بار و بینچ کے درمیان مضبوط رابطہ سازی نے انہیں مکران کا قابلِ فخر چہرہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکران ہائی کورٹ بار کو اس وقت ایک باوقار، تجربہ کار اور مضبوط قیادت کی ضرورت ہے جو بار کو اتحاد، نظم و ضبط اور مؤثر رہنمائی فراہم کرسکے۔ سابق صدر نے مکران بھر کے وکلاء، عہدیداران اور اراکین سے اپیل کی کہ وہ 29 نومبر کو اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے چئیرمین سعید فیض ایڈوکیٹ کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ بار کے مستقبل اور مکران کی وکلا برادری کے لیے ایک مضبوط اور فعال قیادت کی فراہمی کا باعث بنے گا۔

