بلیدہ: گورنمنٹ شہید ایوب بلیدئی ڈگری کالج بلیدہ میں والدین، اساتذہ اور طلبہ کا اہم اجلاس

بلیدہ(گدروشیا پوائنٹ) گورنمنٹ شہید ایوب بلیدئی بوائز ڈگری کالج بلیدہ میں والدین، اساتذہ اور طلبہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز مکران ڈویژن پروفیسر برکت اسماعیل بلوچ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ اے۔ڈی۔ایم کالجز شریف الدین بلوچ بھی موجود تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ پروفیسر برکت اسماعیل بلوچ نے طلبہ کی حاضری کو سب سے بڑی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ حاضری کم ہونے کی ذمہ داری ادارے، اساتذہ اور والدین تینوں پر عائد ہوتی ہے۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی نگرانی کریں تاکہ کالج میں باقاعدہ حاضری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پک اینڈ ڈراپ، انفراسٹرکچر اور اساتذہ سمیت تمام سہولیات کالج میں دستیاب ہیں، لیکن اس کے باوجود حاضری کم ہونا ایک سنگین مسئلہ ہے۔ پروفیسر برکت اسماعیل بلوچ نے محنت اور تسلسل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا دنیا میں کوئی کام بغیر محنت کے ممکن نہیں۔صرف آدھا گھنٹہ پڑھنے سے کوئی ڈاکٹر یا انجینئر نہیں بن سکتا؛ کم از کم 4 سے 5 گھنٹے روزانہ پڑھنا ضروری ہے۔ انہوں نے ایم۔بی۔ایم (Minute by Minutes Model) کے نام سے ایک نیا تعلیمی ماڈل متعارف کروایا جس کے مطابق روزانہ صرف 5 منٹ پڑھائی سے آغاز کیا جائے، اور ہر روز 1 منٹ کا اضافہ کیا جائے، تو ایک سال بعد یہ وقت 6 گھنٹے 9 منٹ بنتا ہے۔ ان کے مطابق اس ماڈل سے طلبہ میں پہلے سے بہتر کارکردگی سامنے آرہی ہے۔
اے۔ڈی۔ایم نے 14 سے 19 سال کی عمر کو نہایت حساس قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس دوران ذہنی اور ہارمونل تبدیلیاں آتی ہیں، اس لیے والدین کو بچوں پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوجوان اس مرحلے کو صحیح طور پر عبور کرلیں تو آگے زندگی آسان ہو جاتی ہے۔ والدین نے کالج انتظامیہ کی شفافیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دوسرا موقع ہے جب انہیں کالج میں مدعو کیا گیا جو کہ خوش آئند عمل ہے۔ تمام معاملات ان کے سامنے پیش کیے جاتے ہیں، جو اعتماد کا اظہار ہے۔ علاقائی نمائندہ میر ظہور احمد بلیدئی کالج کی بہتری میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ بلیدہ کے مختلف اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز نے بھی پروگرام میں شرکت کی اور یقین دہانی کروائی کہ نہم و دہم کے طلبہ کو کالج کا وزٹ کرایا جائے گا جبکہ اپنے اسکولوں میں بھی ایسے آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ آخر میں کالج کے پرنسپل الہٰی بخش بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پورے بلوچستان میں وزیر میر ظہور احمد بلیدئی تعلیم اور کالجز کے امور پر خصوصی توجہ دینے والے شخصیات میں نمایاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کالج میں اس وقت کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جو ان کی علم دوستی اور عملی خدمات کا ثبوت ہیں۔ پرنسپل نے مہمانِ خصوصی، اے۔ڈی۔ایم، والدین، اساتذہ اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اُن مخیر شخصیات کا بھی خصوصی ذکر کیا جنہوں نے کالج کی بہتری کے لیے ڈونیشن فراہم کیے۔