نوکنڈی(گدروشیا پوائنٹ)نوکنڈی اور گرد و نواح میں طوفانی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگیا۔ گزشتہ رات سے بلوچستان کے مغربی علاقے نوکنڈی سے گرد آلود ہواؤں کا ایک مختصر مگر تیز سلسلہ ملک کے مختلف حصوں میں داخل ہوچکا ہے۔تیز اور سرد ہواؤں کے باعث نوکنڈی شہر میں معمولاتِ زندگی متاثر رہے، بازار ویران اور سڑکیں سنسان دکھائی دیں جبکہ شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔نوکنڈی کے علاوہ سیندک، تفتان، ریکوڈک، مشکی چاہ، دوربن چاہ، نوک چاہ، آزاد لانڈی اور گوالشتاپ کے علاقے بھی تیز ہواؤں کے زیرِ اثر رہے۔ تاہم کہیں سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

