تربت(گدروشیا پوائنٹ) ٹیچنگ اسپتال میں اکتوبر کے دوران ڈینگی کے 60 کیسز رپورٹ۔ابتک تمام مریض صحتیاب ہوچکے ہیں،ایم ایس تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ٹیچنگ اسپتال تربت میں اکتوبر کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 60 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ایم ایس ٹیچنگ اسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلیدی کے مطابق تمام متاثرہ مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی گئیں اور زیادہ تر مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر متاثرہ افراد نے حالیہ دنوں میں کراچی اور دیگر شہروں کا سفر کیا تھا، جہاں ڈینگی کے کیسز پہلے سے رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالروف بلوچ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسمِ سرما کے آغاز کے باوجود ڈینگی وائرس کے پھیلنے کا خدشہ برقرار ہے، اس لیے شہری صفائی کا خاص خیال رکھیں، گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں اور مچھر دانی یا ریپلنٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر ہی ڈینگی اور دیگر وبائی امراض سے بچاؤ کا واحد مؤثر طریقہ ہیں اور عوامی تعاون سے ہی بیماریوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

