تربت (گدروشیا پوائنٹ) میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر بلخ شیر قاضی نے گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسکول کے پرنسپل محمد اکبر اسماعیل نے ان کا استقبال کیا اور اسکول کے انتظامی و تدریسی امور پر بریفنگ دی۔ میئر بلخ شیر قاضی نے پرنسپل کے دفتر میں اسکول کے مسائل اور ضروریات سے آگاہی حاصل کی۔ پرنسپل اکبر اسماعیل نے بتایا کہ اسکول میں تدریسی عمل تسلی بخش انداز میں جاری ہے تاہم کچھ مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں بالخصوص اسکول کے گراؤنڈ پر قائم اسٹیڈیم کئی سالوں سے زیرِ تعمیر ہے جس کی تکمیل نہ ہونے سے سکول کے غیر نصابی سرگرمیاں متاثر ہیں۔ میئر تربت نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے دائرہ اختیار اور دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے اسکول کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت نے بڑے سیاستدانوں، بیوروکریٹس اور اہل شخصیات کو جنم دیا ہے اس لیئے یہ ادارہ جدید سہولیات کا مستحق ہے۔ میئر بلخ شیر قاضی نے پرنسپل اکبر اسماعیل کی کارکردگی اور ان کے اصلاحی و تخلیقی جذبے کو سراہا۔ انہوں نے خصوصاً حالیہ تعلیمی سرگرمی کا ذکر کیا جس میں ایک دن کے لیے طلبا کو پرنسپل اور اساتذہ کے فرائض سونپے گئے۔ انہوں نے کہا یہ اقدام طلبا میں قیادت، نظم و ضبط اور عملی تربیت کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہے۔ دورے کے دوران میونسپل کارپوریشن تربت کے کونسلران بھی میئر کے ہمراہ موجود تھے۔

